ویتنام میں طوفان بوالوئی سے 51 ہلاک، 14 لاپتہ، لاکھوں متاثر

ویتنام میں طوفان بوالوئی سے 51 ہلاک، 14 لاپتہ، لاکھوں متاثر

ویتنام میں سمندری طوفان بوالوئی اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق 51 افراد ہلاک، 14 لاپتہ اور 164 زخمی ہو گئے ہیں۔ویتنام ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق طوفان سے 2 لاکھ 38 ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا، 89 ہزار ہیکٹر سے زیادہ فصلیں زیر آب آئیں، اور 17 ہزار ہیکٹر آبی حیات اور تقریباً 50,300 ہیکٹر جنگلات تباہ ہوئے۔ انفراسٹرکچر بھی شدید متاثر ہوا، 8,800 سے زائد بجلی کے کھمبے گر گئے اور تقریباً 4 لاکھ 68 ہزار 500 گھرانے تاحال بجلی سے محروم ہیں۔ تقریباً 1,500 سکولوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ابتدائی معاشی نقصانات کا تخمینہ تقریباً 15.9 ٹریلین ویتنامی ڈونگ (تقریباً 60.8 ملین امریکی ڈالر) لگایا گیا ہے۔ مقامی حکام بحالی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں سڑکوں سے ملبہ ہٹانا، بنیادی سہولیات کی بحالی اور متاثرہ کمیونٹی کی مدد شامل ہے۔وزیر اعظم پھام منہ چنہ نے مرکزی بجٹ ریزرو سے 2.524 ٹریلین ویتنامی ڈونگ (تقریباً 96.5 ملین امریکی ڈالر) کی امدادی رقم کی منظوری دی ہے، جو 15 متاثرہ علاقوں کو ہنگامی امداد کے طور پر فراہم کی جائے گی۔