ویب ڈیسک: ویتنام کے ساحلی اور وسطی علاقوں میں شدید طوفان "بوالوئی" نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
حکام نے ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس بند کر دیے ہیں، پروازوں کے اوقات تبدیل کر دیے گئے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان آج شب وسطی ویتنام سے ٹکرائے گا، جس کی رفتار 133 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں:
شدید بارشیں اور آندھیاں
سیلاب
اور خطرناک لینڈ سلائیڈنگ
جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔
بارش اور دریاؤں کی سطح میں اضافہ
حکام کے مطابق شمالی اور وسطی صوبوں میں یکم اکتوبر تک 600 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے جبکہ دریاؤں کی سطح میں 9 میٹر تک اضافہ متوقع ہے۔
متاثرہ علاقوں میں اقدامات
وسطی صوبے ہاتین میں اب تک 15 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔فوجی دستوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔وِنہ شہر میں لوگ اپنے گھروں کو مضبوط بنانے اور کشتیوں کو باندھنے میں مصروف ہیں تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔متاثرہ علاقوں میں اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
سول ایوی ایشن کی صورتحال
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دا نانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت چار بڑے ایئرپورٹس بند کر دیے گئے ہیں۔ متعدد پروازوں کو منسوخ یا ری شیڈول کیا گیا ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔