پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اکثر خیبرپختونخوا کے منصوبوں اور پالیسیوں کی نقل کرتی ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ اگر واقعی مریم نواز قرض نہیں لینا چاہتی تو یہ اچھی بات ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ پنجاب کے سیلاب متاثرین کو کب سے مالی رقم فراہم کی جائے گی۔انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت ابھی تک سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ معلوم نہیں کر سکی، لہٰذا متاثرین تک مالی امداد پہنچانے میں مشکلات ہوں گی۔ مزمل اسلم نے مزید کہا کہ مریم نواز نے مری کے حوالے سے خیبرپختونخوا پر تنقید کی، حالانکہ مری میں بنیادی ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ نتھیا گلی میں 12 ارب روپے کی لاگت سے ہلٹن ہوٹل تیار ہے اور ایک سال میں ایک کروڑ سیاح آئے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ مری کے پاس اپنا پانی بھی نہیں اور خیبرپختونخوا سے پانی لیتا ہے، جبکہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے 64 ارب روپے پانی کے واجبات کی مقروض ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر پنجاب حکومت واقعی خودداری دکھانا چاہتی ہے تو فوری طور پر پانی کے واجبات ادا کرے اور سیلاب متاثرین کو فوری امداد فراہم کرے۔