مختلف شہروں سے 30 کلو سے زائد منشیات برآمد ملزمان سے تفتیش جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ملک کے مختلف شہروں میں اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف چھ کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 30.04 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جس کی مالیت 64 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے چرس برآمد ہوئی جبکہ سیالکوٹ میں موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون سے ہیروئن اور ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان نے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ دیگر کارروائیوں میں پشاور، کراچی اور لاہور میں بھی افیون، چرس اور ہیروئن برآمد کی گئی۔ اے این ایف نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔