لاہور: وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ صوبے میں گھروں کی فراہمی کا بڑا منصوبہ تکمیل کے قریب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاسود 15 لاکھ قرضوں کے ذریعے ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے، جس سے غریب اور مستحق خاندانوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے میں مدد ملی۔
اب تک 87 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے۔
رواں ماہ مزید 13 ہزار خاندانوں کو ادائیگی کی جائے گی۔
صوبے بھر میں 19 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔
باقی گھروں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔
ڈی جی ہاؤسنگ سکندر ذیشان نے بینک آف پنجاب، اخوت اور دیگر مالیاتی اداروں کے نمائندگان کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ پروگرام عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے۔وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ اربوں روپے کے بلاسود قرضے پنجاب کے ہر کونے میں گھروں کی تعمیر کو ممکن بنا رہے ہیں، اور جلد ہی 1 لاکھ خاندان اپنے نئے گھروں میں منتقل ہو جائیں گے۔