وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف سازشیں جاری رکھے ہوئے ہے، اور ہماری کوسٹ گارڈز نے بھارتی ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنے اعتراف میں بھارتی ایجنسیوں کے ساتھ روابط کا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل کی ہیں اور دہشتگردی کے خلاف لڑائی میں ہمارا کردار قابل فخر ہے۔عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات بے بنیاد تھے اور دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان خود دہشتگردی کا بڑا شکار ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم کے بھارت کو پہلگام واقعے کی تحقیقات کی پیشکش کا ذکر کیا اور کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اور فضائیہ کی کارروائیاں تاریخ بن گئی ہیں۔
انہوں نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ نے دنیا کی توجہ پاکستان کی جانب مبذول کرائی ہے، اور بیانیے کی جنگ میں پاکستان نے حقائق کے ذریعے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بےنقاب کیا ہے۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا سعودی عرب کا دورہ معاشی ترقی کے لیے اہم ہے، اور بیرونی سرمایہ کاری، وسط ایشیائی روابط، اور پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنایا جا سکے۔