ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس (JKCC) کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام سے آج (15 اگست) کو مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔ حریت رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جس دن بھارت اپنی آزادی کا جشن مناتا ہے، وہ کشمیریوں کے لیے غلامی، جبری تسلط اور مظالم کی یاد ہے، اور اس دن کو یومِ سیاہ کے طور پر منانا کشمیری قوم کی آزادی کی جدوجہد کو دنیا کے سامنے لانے کے مترادف ہے۔کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق مانگ رہے ہیں، اور یوم سیاہ کے موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
حریت رہنماؤں کی اپیل کے فوری بعد بھارتی فورسز نے روایتی جبر استعمال کرتے ہوئے چھاپے مارے، درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئیں۔اس کے باوجود وادی میں کشمیری نوجوانوں نے یومِ سیاہ کے بینرز، سیاہ جھنڈے اور پاکستانی پرچم آویزاں کرنا شروع کر دیے، جبکہ بھارت مخالف نعرے اور آزادی کے حق میں وال چاکنگ بھی کئی علاقوں میں دیکھی گئی۔دوسری جانب، حریت رہنماؤں نے 14 اگست کو پاکستان کا یوم آزادی یومِ تشکر کے طور پر منایا اور پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔