وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر کی اہم ملاقات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر کی اہم ملاقات

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری، سیاحت کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون سمیت متعدد امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول کے کردار کو سراہا گیا۔ نٹیلی بیکر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی سمت بڑھ رہی ہے۔وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دیں جو پوری دنیا کے امن کے لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے جامع پالیسی متعارف کرائی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے، سیاحت کے فروغ سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی کر رہی ہے، جسے امریکی ناظم الامور نے سراہا اور پاکستان کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ کے اقدامات کی تعریف کی۔