الیکشن ٹربیونل لاہور نے پی ٹی آئی کے امیدوار مہر شرافت علی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کامیابی کے خلاف دائر انتخابی عذرداری کو مسترد کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ جج رانا زاہد محمود نے پی پی 159 سے دائر عذرداری پر سنایا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ درخواست میں الیکشن ایکٹ 2017 کے رول 144 کی شقوں کی پیروی نہیں کی گئی، کیونکہ عذرداری کے ہر صفحے پر مطلوبہ دستخط موجود نہیں تھے۔ اس کے علاوہ، بیان حلفی کے اوتھ کمشنر کے تصدیقی صفحے پر امیدوار کا نام اور والد کا نام شامل نہیں تھا، جو کہ قانونی طور پر ضروری ہے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ عذرداری کو باقاعدہ ٹرائل کے لیے پیش نہیں کیا گیا، یعنی درخواست کو مناسب طریقے سے دائر اور ثابت کرنے کے لیے ضروری کارروائی مکمل نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار مہر شرافت علی نے یہ عذرداری دائر کی تھی تاکہ مریم نواز کی انتخابی کامیابی کو چیلنج کیا جا سکے، لیکن عدالت نے اسے ناقص اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔