چین میں پاکستان کی بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز PNS MANGRO کی لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لانچنگ تقریب میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹ-2، وائس ایڈمرل عبد الصمد مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔وائس ایڈمرل عبد الصمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے محفوظ اور مشترکہ ماحول کو فروغ دینے پر پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں طاقت کے توازن اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس پراجیکٹ سے پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ کیا تھا۔ معاہدے کے تحت 4 آبدوزیں چین میں تیار کی جائیں گی جبکہ باقی 4 کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تعمیر کی جائیں گی۔