خاندانی تنازع پر لڑائی جھگڑا ،فائرنگ، 5ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)چوکی سبزی منڈی پولیس نے ٹبہ گاؤں میں خاندانی تنازع پر لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزمان کے درمیان خاندانی چپقلش کے باعث جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان مبینہ طور پر اہلکاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے رہے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقبال، عبدالروف، عبدالرشید، عنصر اور فیضان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک پستول برآمد کر لیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔