تین موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں نے شہری کو لوٹا تو پولیس آن پہنچی
ملزم احمد اور یاسر ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے، پولیس
کھڈیاں خاص(خصوصی رپورٹ)کھڈیاں خاص میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا، ڈاکوئوں کا سرغنہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔پولیس ذرائع کے مطابق شہری ثناء اللہ نے ون فائیو پر کال کی کہ تین نامعلوم موٹرسائیکل سوار ڈاکواسے گن پوائنٹ پر روک کر پانچ ہزار نقدی،موبائل فون ،شناختی کارڈ وغیرہ چھین کر ریلوے پھاٹک کھڈیاں کی جانب فرار ہوئے ہیں۔ شورسن کر قریبی آبادی کے لوگوں نے تعاقب کیا تو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئیکھیتوں میں چھپ گئے اطلاع پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی تو دو ڈاکو زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت احمد رضا اور محمد یاسر کے نام سے ہوئی ہے جنہوں نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ اپنے ساتھی ثاقب عرف ثاقبی کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ فرار ڈاکو ثاقب عرف ثاقبی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیم تشکیل دیدی ہے۔