احتجاج، ریلیوں، دھرنوں پر پابندی برقرار

8 نومبر تک دفعہ144کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری ،لائوڈسپیکرصرف اذان اور خطبہ جمعہ کیلئے استعمال ہوگا
شادی تقریبات اور جنازوں پر اطلاق نہیں ہوگا، سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسرو اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 یوم کی توسیع کر دی گئی،محکمہ داخلہ پنجاب نے 8 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماع اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے، دفعہ 144 کے تحت 4 یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پرمکمل پابندی ہو گی۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہناتھا کہ دفعہ 144 کے دوران اسلحے کی نمائش، لائوڈ سپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہے، اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی ہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا فیصلہ امن وامان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازوں اور تدفین پر نہیں ہوگا، سرکاری فرائض کی انجام دہی پر موجود افسرو اہلکار اور عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی جبکہ لائوڈ سپیکر صرف اذان اور جمعہ کے خطبہ کے لئے استعمال جاسکتے ہیں۔