اسکردو میں طلبہ کا پاک فوج کو خراجِ تحسین،افواج پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے ، شرکاء کا عزم
میران شاہ (آئی این پی )شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران نے معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں عظیم فتح پر خصوصی جرگے کا انعقاد کیا۔ میرانشاہ کے غیور قبائلی مشران اور معززین نے پاک فوج کے ساتھ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خصوصی جرگے کا انعقاد کیا، جس میں قبائلی مشران و عمائدین سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی ۔جنرل آفیسر کمانڈنگ میران شاہ ، میجر جنرل عادل افتخار نے بطور مہمان خصوصی جرگے میں شرکت کی ۔ انہوں نے معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں ساتھ دینے پر غیور قبائلی عوام کا شکریہ ادا کیا ۔شرکاء نے افواج پاکستان کے تمام شہداء بشمول آپریشن بنیان مرصوص میں شہادت کا رتبہ پانے والوں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ شرکاء نے وطن سے والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں ۔ غیور قبائلی عوام اپنی درخشاں روایات کے مطابق مستقبل میں بھی افواج پاکستان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے۔