خانہ بدوشوں کی ایک اور بستی میں آگ، 500 جھگیاں جل گئیں

 بجلی کے تار آپس میں ٹکرانے سے شارٹ سرکٹ ہوا، ،پھر جھگیوں میںگیس کے سلینڈر پھٹنے سے شعلے مزید پھیل گئے
کراچی(آئی این پی )کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں خانہ بدوشوں یک جھونپڑیوں میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس ے نتیجے میں تقریبا پانچ سو جھگیاں جل کر خاکستر ہوگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق پانچ فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔عینی شاہدین کے مطابق بجلی کے تار آپس میں ٹکرانے سے شارٹ سرکٹ ہوا، جس سے آگ بھڑکی، اور پھر جھگیوں میں موجود گیس کے سلینڈر پھٹنے سے شعلے مزید پھیل گئے۔آگ کے باعث خانہ بدوشوں کا سارا سامان، کئی موٹر سائیکلیں اور گھریلو اشیا جل کر راکھ ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ کے مطابق متعدد مویشی بھی جھلس گئے، تاہم انہیں زندہ بچا لیا گیا۔ قبل ازیں 30 اکتوبر کو بھی شہر قائد کے علاقے گلشنِ اقبال شانتی نگر میں جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے تباہی مچ گئی تھی، جس کے نتیجے میں 55 سالہ معذور شخص ایوب جھلس کر جاں بحق ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق ایوب اپنی معذوری کی وجہ سے جھونپڑی سے باہر نہ نکل سکا اور آگ کی لپیٹ میں آگیا۔