خانہ بدوشوں کیلئے خیمہ بستیاں بنانے کی تیاری

 ڈی سی کا غازی آباد پھاٹک کا دورہ ،صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی فی الفور علاقے کو کلیئر کر انے کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر ) ڈی سی سید موسیٰ رضا نے عزیز بھٹی زون غازی آباد پھاٹک کا دورہ کیا اور صفائی اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار اور ایل ڈبلیو ایم سی حکام سے استفسار کیا اور فی الفور علاقے کو کلیئر کر انے کا حکم دیا۔ ایک شہری کی شکایت پر ایل ڈبلیو ایم سی کو مستقل بنیادوں پر صفائی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی گئی۔ ڈی سی نے کرول گھاٹی میں صفائی و جھگیوں کے پوائنٹس کے دورے بھی کئے۔موسیٰ رضا نے کہا خانہ بدوشوں کو آباد کرنے کے لئے مخصوص جگہوں پر خیمہ بستیاں قائم کی جائیں اور شہری آبادی سے غیر قانونی جھگیوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔