پسماندہ طبقات کی آواز بننے میں میڈیا کا اہم کردار: آصف علی زرداری

پسماندہ طبقات کی آواز بننے میں میڈیا کا اہم کردار: آصف علی زرداری

ویب ڈیسک: صدر آصف علی زرداری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا جس میں پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار پریس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صحافت کی آزادی کو ہمیشہ اہمیت دی ہے اور آئین کے تحت اس آزادی کا تحفظ کیا ہے۔صدر زرداری نے غزہ اور فلسطین جیسے جنگ زدہ علاقوں میں صحافت کی ذمہ داریوں کو ادا کرنے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان صحافیوں کی قربانیاں ہماری آزادی اور حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستورِ پاکستان کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار اور آزاد صحافت کی ضمانت دیتا ہے، جو میڈیا کے کردار کو مضبوط بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرتی، اقتصادی اور ماحولیاتی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے ناگزیر ہے اور بدعنوانی کی نشاندہی، پسماندہ طبقات کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں اور اس بات کی ضرورت ہے کہ صحافیوں کے لیے ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول ضروری ہے جہاں صحافی اپنے فرائض بغیر کسی خوف کے سرانجام دے سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ صحافتی معیار اور پیشہ ورانہ مہارت برقرار رکھے، اور جعلی خبروں، غلط معلومات اور سنسنی خیز ماحول میں میڈیا کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ میڈیا کو شہریوں کے حقوق، ذمہ داریوں، سماجی و اقتصادی مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنی چاہیے اور جمہوری عمل میں عوام کی شرکت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو عوام اور سرکاری اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنا چاہیے اور بے آواز لوگوں کی آواز بننا چاہیے۔انہوں نے اختتاماً کہا کہ آزادی صحافت جمہوریت کا لازمی جزو ہے اور اس کی حفاظت اور فروغ کے لیے حکومت کو مسلسل کام جاری رکھنا چاہیے۔ امید کی جاتی ہے کہ میڈیا قومی اور عالمی اہمیت کے مسائل پر آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔