اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سماجی و سیاسی شخصیات کے ایک وفد نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔
اس ملاقات کے دوران فیصل آباد، گجرات اور دیگر اضلاع کے عوامی مسائل، نوجوانوں کے کردار اور ترقیاتی تجاویز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وفد میں سابق وفاقی وزیر رانا فاروق سعید خان، تنویر اشرف کائرہ، بلال فاروق، عمر فاروق، اسامہ فاروق، علی جعفر اور حرا تنویر شامل تھے۔ انہوں نے صدر مملکت کو علاقائی سطح پر درپیش اہم مسائل، بالخصوص تعلیم، روزگار، اور بنیادی سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی توانائیوں کو ملکی ترقی میں شامل کرنے سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
صدر آصف علی زرداری نے گفتگو میں کہا کہ ان کی اولین ترجیح ملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور عوامی فلاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت سے ہی ایک خوشحال اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔انہوں نے وفد کی جانب سے دی گئی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانا اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔