مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کو فروغ دینے میں خواتین کا مؤثر کردار قابلِ ستائش ہے:آصف علی زرداری

 مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کو فروغ دینے میں خواتین کا مؤثر کردار قابلِ ستائش ہے:آصف علی زرداری

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سائنس میں خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی خواتین کی صلاحیت، عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کے فروغ میں خواتین کا مؤثر کردار قابلِ ستائش ہے۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے سیڈاؤ (CEDAW) کے تحت اپنے وعدوں پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی جامعات میں طالبات کا تناسب 50 فیصد سے تجاوز کر جانا خوش آئند امر ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق خواتین انجینئرنگ، میڈیکل، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ کامسٹیک (COMSTECH) کے پلیٹ فارم کے تحت مسلم دنیا میں سائنسی تعاون کے فروغ میں خواتین کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی جیسی ممتاز سائنسدانوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ممکن ہے، اور وہ پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید مضبوط اور روشن بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی۔