لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی نے بارش سے متاثرہ میچوں کے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا اعلان کر دیا۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دو میچز بغیر گیند کروائے ختم ہوگئے تھے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلیے پی سی بی ٹکٹ کی واپسی کی پالیسی کے مطابق ٹکٹ ہولڈر مکمل رقم واپس حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ تاہم پالیسی کے مطابق اگر میچ ٹاس سے پہلے ہی ختم کردیا گیا ہو تو تمام انکلوڑرز کے ٹکٹس کی رقم واپس کر دی جائے گی۔ اسی طرح ہاسپٹلیٹی باکسز کے ٹکٹ (باکس اور پی سی بی گیلری) کے ٹکٹ ہولڈرز رقم کی واپسی کے اہل نہیں ہوں گے۔اہل ٹکٹ ہولڈرز پیر 10 مارچ 2025 سے جمعہ 14 مارچ 2025 کے درمیان کوریئر کمپنی کی منتخب آؤٹ لیٹس پر اپنی رقم کی واپسی کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔خریداری کے ثبوت کے طور پر شائقین کو اصل اور بغیر نقصان زدہ ٹکٹ پیش کریں۔خریدار کو رقم کی واپسی کا دعویٰ کرنے کیلیے ذاتی طور پر کوریئر کمپنی کے آؤٹ لیٹ جانا ہوگا۔ اس کی طرف سے کوئی اور رقم کی واپسی کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔