کرائم کنٹرول پلان پر عمل شروع

مساجد سکیورٹی کیٹیگریز اے پلس، اے، بی اور سی میں تقسیم ،   شوگر پوائنٹس پر192 افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ماہِ صیام کے آغازپر مساجد کی سکیورٹی اور کرائم کنٹرول پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران نے بتایاکہ لاہور پولیس رمضان المبارک کے دوران مساجد وامام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے مکمل تیار ہے۔ شہر کی تمام مساجد کو سکیورٹی کیٹیگریز اے پلس، اے، بی اور سی میں تقسیم کیا گیا۔ اے پلس کیٹیگری کی مساجد پر ایک افسر سمیت 6 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔عبادت گاہوں پر چیکنگ کے لیے 14,781 والنٹیئرز بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔احترامِ رمضان ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ فیصل کامران نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر بھر میں قائم 16 شوگر پوائنٹس کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ شوگر پوائنٹس پر مجموعی طور پر 192 افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔ جیلوں سے رہائی پانے والے ریکاریافتہ ڈکیتوں و چوروں کی نگرانی جاری ہے۔ مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے کہا کہ بینکوں، تجارتی مراکز سمیت گلیوں بازاروں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ ٹیمیں مسلسل گشت کریں گیں۔ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور تھانوں کی پٹرولنگ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ جدید سکیورٹی سسٹم کے تحت نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں، ڈرون ٹیکنالوجی اور جدید مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے جرائم پر قابو پایا جا رہا ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی اور سرچ آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ فیصل کامران نے علماء￿  کرام اور مساجد انتظامیہ سے حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد میں مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری دورانِ چیکنگ پولیس اہلکاروں سے تعاون کریں تاکہ سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔