پنجاب میں ہنگامی مون سون پلان پر عمل درآمد شروع: تمام اضلاع میں ایمرجنسی آپریشن سینٹرز قائم عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری:مریم نواز

پی ڈی ایم نے حادثات اورنقصانات سے بچائو کے لیے قواعدوضوابط جاری کردیے ،وزیراعلیٰ نے پنجاب مون سون ہنگامی پلان پر عمل درآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ طلب کر لی
مریم نواز کی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشان دہی کرنے کی بھی ہدایت، بوسیدہ گھروں کے مکینوں سے احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقلی کی اپیل
لاہور (آئی این پی )پنجاب میں مون سون ہنگامی پلان 2025 پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب مون سون ہنگامی پلان پر عمل درآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ طلب کر لی اور ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 24گھنٹے فعال رہیں گے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے حادثات اور نقصانات سے بچائوکے لیے قواعد و ضوابط جاری کر دئیے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشان دہی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، اور بوسیدہ گھروں کے مکینوں سے احتیاطا محفوظ مقامات پر منتقلی کی اپیل کی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ریسکیو اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت تیار اور مستعد د رہنے کی ہدایت کی اور برسات کے دوران عوام کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی۔مریم نواز نے کہا کہ عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، اپنا فرض ضرور نبھائیں گے، ہر فرد کی جان قیمتی ہے، تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔