اسد قیصر عید کے بعد احتجاج حکومت کو الٹی میٹم دیدیا
ہمارا صوبہ جنگ میں ہے، ہمیں صرف امن چاہیئے،پورے ملک میں امن وامان کیلئے پالیسی ہونی چاہیئے، اس وقت بھی وفاقی حکومت پی ٹی آئی کو دبانے میں لگی ہوئی ہے۔سابق اسپیکر اسد قیصر
نوشہرہ ( مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ جعلی ہے اور شفاف الیکشن ہونے چاہئیں، عید کے بعد بھرپور احتجاج کریں گے، ہمارا صوبہ جنگ میں ہے، ہمیں صرف امن چاہیئے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کے بم دھماکے کے واقعے پر بہت افسوس ہے، یہ واقعہ ہماری پالیسیوں کا نتیجہ ہے، اس وقت بھی وفاقی حکومت پی ٹی آئی کو دبانے میں لگی ہوئی ہے ،پورے ملک میں امن وامان کیلئے پالیسی ہونی چاہیئے، افغان پالیسی پر کام ہونا چاہیئے۔پارلیمنٹ جعلی ہے اور شفاف الیکشن ہونے چاہئیں۔ عید کے بعد بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ جنگ میں ہے، ہمیں صرف امن چاہیئے۔ اسی طرح اسد قیصر نے ٹویٹ میں کہا کہ امت مسلمہ خصوصاً تمام پاکستانیوں کو رمضان المبارک کی آمد دل کی گہرائیوں سے مبارک ہو۔یہ بابرکت مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ ہے، جو ہمیں صبر، استقامت، برداشت اور ایثار کی عملی تربیت دیتا ہے۔رمضان نہ صرف عبادات میں بہتری اور تقویٰ کے حصول کا مہینہ ہے بلکہ یہ غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس بھی دیتا ہے۔ اللہ ہم سب کی عبادات قبول فرمائے۔ آمین۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت نے پی ٹی آئی سمیت سب کے تمام غیر قانونی مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد انعام یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبے میں جس کے خلاف بھی غیر قانونی ایف آئی آرز ہیں، انہیں واپس لیا جائے گا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایات دی ہیں کہ پورے صوبے کے غیر قانونی اور سیاسی مقدمات واپس لیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جس کے خلاف بھی مقدمہ نہیں بنتا اسے واپس لیا جائے گا، صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ سب کے غیر قانونی مقدمات واپس لیے جائیں گے، غیرقانونی مقدمات واپس لینے سے عدالتوں پر بھی بوجھ کم ہو جائے گا، اس لیے یہ بھی ضروری ہے کہ پراسیکیوٹرز میرٹ پر مقدمات دیکھیں اور جو مقدمہ نہیں بنتا اسے واپس لیں، پراسیکیوٹرز اپنے کام میں آزاد ہیں اور ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈال سکتا۔