وزیراعلیٰ کے پی اور کابینہ اراکان کو پنجاب اسمبلی کے داخلی راستوں پر بار بار روکا گیا
پنجاب اسمبلی میں وفد کے ساتھ دھکم پیل کی گئی‘ بین الصوبائی تعلقات کو نقصان پہنچے گا:متن
لاہور (آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورہ لاہور پر سپیکر کے پی اسمبلی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا۔خط کے ذریعے خیبر پختونخوا اسمبلی کے وفد کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں بدسلوکی پر سپیکر نے احتجاج ریکارڈ کرایا، ا نہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی اور کابینہ اراکین کو پنجاب اسمبلی کے داخلی راستوں پر بار بار روکا گیا، پنجاب اسمبلی میں وفد کے ساتھ دھکم پیل کی گئی۔انہوںنے کہا کہ منتخب نمائندوں کو زمین پر گرایا، جسمانی طور پر روکا اور ہراساں کیا گیا، وزیراعلیٰ کے پی کو پیدل داخلے سے روک کر گاڑی میں واپس بھیج دیا گیا، وفد کی تذلیل سے بین الصوبائی تعلقات کو نقصان پہنچے گا۔خط کے متن میں مزید لکھا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں پیش آنے والا واقعہ پارلیمانی آداب اور وفاقی روایات کے منافی تھا، سپیکر کے پی اسمبلی نے صحافیوں کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ا نہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی واقعہ نے عوامی سطح پر دونوں صوبوں کے تعلقات کی منفی تصویر پیش کی،سپیکر پنجاب اسمبلی سے اِس ذمہ داری اور اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔