رمضان المبارک کی آمد پر غیر ملکی سفارتخانوں کی مبارکباد

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) رمضان المبارک کی آمد پر غیر ملکی سفیروں اور سفارتخانوں کی جانب سے مبارکباد کے پیغام جاری کیے گئے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیرحمد عبید ابراہیم الزہبی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقدس ماہ رمضان کی بابرکت مناسبت سے میں پاکستانی حکومت اور برادر عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اماراتی سفیر نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ ہمارے دونوں ممالک کے لیے برکت، ہم آہنگی اور ترقی لائے، یہ ہمیں نیکی اور صدقہ و خیرات کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد جاری رکھنے کی ترغیب دے۔فرانسیسی سفارت خانہ کی جانب سے رمضان المبارک کی مبارکباد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دی گئی، فرانسیسی سفارتخانے نے پیرس کی جامع مسجد کی تصویر بھی جاری کی۔امریکی مشن پاکستان کی جانب سے بھی رمضان کی مبارکباد دی گئی، سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا کہ رمضان کا یہ بابرکت مہینہ سب کے لیے امن، اتحاد اور خوشحالی لائے۔جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے رمضان المبارک کے موقع پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا اور کہا کہ امت مسلمہ کو رمضان المبارک مبارک ہو، رمضان مفاہمت کا درس دیتا ہے، عالمی امن میں مفاہمت کی بہت ضرورت ہے۔جرمن قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر نے کہا کہ رمضان ہمیں سکھاتا ہے اپنے دوستوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنا ہے، میری جانب سے آپ سب کو بہت بہت رمضان مبارک ہو۔