ایف آئی اے میں گریڈ 20 اور 21 کے مزید افسران کی تعیناتی کابھی فیصلہ،کارکردگی رپورٹ ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو پیش کی جائیگی
اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میںپاکستانی سفارتخانوں میں ایف آئی اے کے افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اہم ترین فیصلوں پر متعلقہ ادارے حرکت میں آگئے،انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات پر عمل درآمد شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو انسانی سمگلرز اور اور اس میں ملوث ایف آئی اے ملازمین کے خلاف کریک ڈاؤن پر حقیقی پراگرس رپورٹ ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو پیش کریں گے،انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے ملازمین کے خلاف سخت کریمنل عدالتی کاروائی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت متعدد ممالک کے پاکستانی سفارتخانوں میں ایف آئی اے کے افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ایف آئی اے میں گریڈ 20 اور 21 کے مزید افسران کی تعیناتی کی ہدایات کی گئی ہے، سیکرٹری وزارت خارجہ اور داخلہ ڈی جی ایف آئی سے مشاورت کر کے نیا قانونی ڈھانچہ بنانے کا حکم جاری کیا ہے،سیکرٹری داخلہ ائرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ سسٹم، ای- گیٹس اور دنیا بھر میں انسانی سمگلنگ روکنے کے جدید ترین ٹیکنالوجی پر تجاویز دیں گے۔ڈی جی ایف آئی اے پراسیکیوٹرز کی مشاورت سے انسانی سمگلرز اور ان کی مدد کرنیوالے ایف آئی اے افسران و ملازمین کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی اور سزاؤں کے بارے بریفنگ دیں گے۔بیرون ملک ایسے مقامات جو انسانی سمگلنگ کے گڑھ ہیں وہاں بھی ڈی جی ایف آئی اے نشان دہی کر کے ان کے خلاف کارروائی بارے سفارشات دیں گے۔پاسپورٹ قوانین 2021 میں ترمیم کر کے بیرون ملک سیاسی پناہ لینے والوں کے خلاف انکے پاسپورٹ منسوخ کرنے کے اقدامات پر بھی رپورٹ مانگی گئی ہے۔ سیکرٹری خارجہ لیبیا اور روس سمیت دوسرے ممالک سے ٹرانزٹ میں رکے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے اقدامات بارے بھی پلان فراہم کریں گے۔