اسلام آباد(آن لائن) سینیٹ نیشنل فوڈ اور ریلوے کمیٹی کے اجلاس آج سوموار کو ہونگے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سید مسرور احسن کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں وزارت کے مالی سال 2025/26کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اورچین سے ملنے والی جدید زرعی مشنری کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی ۔اجلاس میں پاسکو کے حکام گندم کی خریداری سمیت گھپلوں میں ملوث افسران کے خلاف اقدامات سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے۔ قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کا اجلاس چیئرمین سینیٹر جام سیف اللہ کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں وزارت کے مالی سال 2025/26کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر مشاورت سمیت ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے سیکرٹری ریلوے کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔