شر پسندوں کی موٹروے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، افسران محفوظ رہے

 سنگجانی انٹرچینج کے قریب نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ کاواقعہ رات گئے پیش آیا
 اسلام آباد(آئی این پی )موٹروے ایم ون پشاور ۔ اسلام آباد پر سنگجانی انٹرچینج کے قریب نامعلوم شر پسند موٹروے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تاہم گاڑی میں سوار دونوں افسران محفوظ رہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جب نا معلوم شرپسندوں نے مبینہ طور پر سنگجانی انٹرچینج کے قریب موٹر وے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی ۔ ترجمان نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں موٹروے پولیس سب انسپکٹر اعجاز اور ہیڈ کانسٹیبل ابراہیم معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔ شدید فائرنگ کے بعد موٹروے پولیس کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اورموٹروے پولیس اور ضلع پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ ملزمان کی تلاش جاری ۔مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔