ایرانی حملوں کے بعد وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت 6 ممالک سے رابطہ

ایرانی حملوں کے بعد وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت 6 ممالک سے رابطہ

خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی اور مبینہ ڈرون و میزائل حملوں کے بعد خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام سے رابطے کیے ہیں جن میں پاکستان، ترکیہ، قطر، مصر، سعودی عرب اور فرانس کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق عباس عراقچی نے خطے کی تازہ سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر ان ممالک کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اسی سلسلے میں ایران کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے، جہاں خطے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا۔ایرانی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ رابطے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہے اور مختلف ممالک کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستے تلاش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب تہران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں امریکی اہداف پر ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں، جنہیں ایران نے امریکی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیا ہے۔مجموعی طور پر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی طاقتیں اور علاقائی ممالک صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ کسی بھی بڑے تصادم کے خدشات کے پیشِ نظر سفارتی کوششیں مزید تیز ہو گئی ہیں۔