راولپنڈی: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے ایرانی وفد نے 16 نومبر کو ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بدلتی ہوئی جیوپولیٹیکل پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر غور کیا گیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو کس طرح مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔ بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان مشاورت کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطوں پر زور
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطہ، باہمی اعتماد اور قریبی ہم آہنگی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
عباس عراقچی کا پاکستان کے کردار کو سراہنا
ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایران کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔