بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے جنوبی علاقے مالویہ نگر میں ایک ریسٹورنٹ میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
حادثے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔دہلی فائر سروس کے مطابق آگ بدھ کی صبح تقریباً 9 بج کر 45 منٹ پر “لیموں گرین” نامی ریسٹورنٹ میں لگی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ عمارت کی نچلی منزل پر ریسٹورنٹ جبکہ اوپر کی منزلوں پر ہوٹل قائم تھا، جس کے باعث آگ نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ریسکیو حکام کے مطابق کچھ افراد نے جان بچانے کے لیے بالائی منزلوں کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا دی، جبکہ مقامی لوگوں نے سڑک پر گدے رکھ کر کئی افراد کو محفوظ طریقے سے نیچے اتارنے میں مدد کی۔ کئی زخمی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر تقریباً 40 افراد کو عمارت سے بحفاظت نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ کا آغاز ریسٹورنٹ کے حصے سے ہوا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرین میں غیر ملکی شہری بھی شامل تھے جو علاج کی غرض سے دہلی آئے ہوئے تھے۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں جنوبی افریقہ کے شہریوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے، تاہم حکام نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔علاقائی انتظامیہ کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے اور ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں دہلی میں اس نوعیت کے دیگر حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں عمارت گرنے اور سلنڈر دھماکوں کے واقعات شامل ہیں، جس کے باعث شہری تحفظ اور بلڈنگ سیفٹی پر سوالات مزید بڑھ گئے ہیں۔