شام میں دو مسافر بسوں کے درمیان ہونے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں کم از کم 35 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور مخالف سمت سے آنے والی دوسری بس سے ٹکر کے باعث پیش آیا۔ تاہم، حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ریسکیو اہلکاروں نے بسوں کے بری طرح تباہ ہونے کے باعث گاڑیوں کی باڈی کاٹ کر کئی پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالا اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی۔شامی حکام نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد سڑک پر ٹریفک بھی بحال کر دی گئی ہے۔