مصر: قاہرہ میں آئل ٹینکر میں خوفناک آتشزدگی، 31 افراد ہلاک، 21 زخمی، متعدد گاڑیاں جل کر تباہ

مصر: قاہرہ میں آئل ٹینکر میں خوفناک آتشزدگی، 31 افراد ہلاک، 21 زخمی، متعدد گاڑیاں جل کر تباہ

قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نواحی علاقے میں ایندھن سے بھرے آئل ٹینکر کو حادثہ پیش آنے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے، جبکہ درجنوں گاڑیاں بھی آگ کی لپیٹ میں آ کر تباہ ہو گئیں۔

خبر رساں اداروں رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افسوسناک واقعہ قاہرہ کے نواحی علاقے گیزہ کے ضلع الوراق میں رنگ روڈ پر پیش آیا، جہاں پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والا ایک آئل ٹینکر اچانک الٹ گیا۔ ٹینکر الٹنے کے بعد اس میں موجود ایندھن سڑک پر پھیل گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھڑک اٹھی۔آگ نے انتہائی تیزی سے شدت اختیار کرتے ہوئے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کے باعث کم از کم 27 گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی شامل ہیں۔ حادثے کے وقت بعض گاڑیوں میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ آگ کی شدت کے باعث امدادی ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مصری وزارت صحت کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی 39 ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق واقعے میں ہلاک ہونے والے بعض افراد کی لاشیں بری طرح جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہو گئی ہیں، جن کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب مصری حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تحقیقاتی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آئل ٹینکر کس وجہ سے الٹا اور ایندھن میں آگ لگنے کے بعد شعلوں نے اتنی تیزی سے دیگر گاڑیوں کو کیسے اپنی لپیٹ میں لیا۔

ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قاہرہ میں پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قاہرہ میں آئل ٹینکر میں لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انہیں شدید دکھ ہوا ہے۔وزیراعظم نے حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، جاں بحق افراد کے لواحقین اور برادر مصری عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔