بالی ووڈ ستارے اَن فالو، پاکستانی فنکار فالو لسٹ میں برقرار، کرن جوہر کی انسٹاگرام سرگرمی وائرل

بالی ووڈ ستارے اَن فالو، پاکستانی فنکار فالو لسٹ میں برقرار، کرن جوہر کی انسٹاگرام سرگرمی وائرل

بالی ووڈ کے ہدایتکار اور پروڈیوسر کرن جوہر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ کوئی فلم یا شو نہیں بلکہ ان کی انسٹاگرام سرگرمی ہے جس نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کرن جوہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے متعدد بڑے بالی ووڈ ستاروں کو اَن فالو کر دیا ہے، جن میں عالیہ بھٹ، شاہ رخ خان، کرینہ کپور، رنبیر کپور اور ورون دھون سمیت کئی نامور شخصیات شامل ہیں۔اس اچانک اقدام کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں اور صارفین نے اسے شوبز انڈسٹری میں ممکنہ اختلافات یا نئی حکمت عملی سے جوڑنا شروع کر دیا۔ تاہم اس صورتحال میں ایک دلچسپ پہلو یہ سامنے آیا کہ کرن جوہر نے کچھ پاکستانی فنکاروں کو بدستور فالو کر رکھا ہے، جن میں علی ظفر، فواد خان، ماہرہ خان اور عمران عباس شامل ہیں۔بعد ازاں کرن جوہر نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ذاتی اختلاف یا تنازع کا نتیجہ نہیں بلکہ ان کی “ڈیجیٹل ڈیٹاکس” پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق وہ سوشل میڈیا پر کم وقت گزارنا چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے لیے انہوں نے اپنی فالوونگ لسٹ کو محدود کیا ہے۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر سنسنی خیز نہ بنایا جائے کیونکہ یہ صرف ایک ذاتی فیصلہ ہے اور اسے بڑی خبر کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، جہاں صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ بالی ووڈ کے بڑے ناموں کو اَن فالو کرنے کے باوجود چند پاکستانی فنکار ان کی فہرست میں کیوں برقرار ہیں، جس نے اس معاملے کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔