سلمان خان کا فلم ’کالا ہرن‘ بنانے والوں کو قانونی نوٹس، ریلیز متاثر ہونے کا خدشہ

سلمان خان کا فلم ’کالا ہرن‘ بنانے والوں کو قانونی نوٹس، ریلیز متاثر ہونے کا خدشہ

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے مبینہ طور پر نئی فلم “کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی” کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے، جس کے بعد فلم کی ریلیز پر غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم کالے ہرن کے اس مشہور کیس پر مبنی ہے جس سے متعلق سلمان خان کا نام گزشتہ کئی برسوں سے قانونی اور میڈیا بحث کا حصہ رہا ہے۔ قانونی ٹیم کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم میں دکھائے گئے مناظر اور کہانی ان کی ساکھ اور ذاتی وقار کو متاثر کر سکتی ہے۔رپورٹس کے مطابق نوٹس میں فلم کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز فوری طور پر روکی جائے اور اس کی تمام پروموشنل سرگرمیاں بھی بند کی جائیں۔ ساتھ ہی یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ اگر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب فلم کے پروڈیوسر امیت جانی نے اس قانونی نوٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام فلم کی ٹیم پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے تاکہ انہیں اپنے منصوبے سے پیچھے ہٹایا جا سکے۔

ان کے مطابق فلم کا مقصد ایک حقیقی واقعے کو پیش کرنا ہے اور اس میں کسی فرد کی کردار کشی نہیں کی گئی۔قانونی نوٹس کے بعد فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریلیز شیڈول متاثر ہو سکتا ہے یا اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔اس صورتحال نے بالی ووڈ انڈسٹری میں بھی بحث چھیڑ دی ہے کہ حقیقی واقعات پر مبنی فلموں میں قانونی اور اخلاقی حدود کو کس طرح متوازن رکھا جائے۔