بوگس میٹر پکڑنے پر لیسکو اہلکار کوتشدد کا نشانہ بنا ڈالا

لاہور (کرائم رپورٹر) لیسکو ایسٹرن سرکل کے علاقے محمود بوٹی سب ڈویڑن میں بوگس میٹر پکڑنے پر لیسکو اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔لیسکو ترجمان کے مطابق شالیمار ہائوسنگ سکیم میں چیکنگ کے دوران اسسٹنٹ لائن مین زبیر نے ایک بوگس میٹر کی نشاندہی کی، جس پر مرزا آفتاب بیگ، اس کے بیٹے آفاق اور دیگر افراد مشتعل ہو گئے اور مبینہ طور پر ہتھیاروں اور آہنی راڈز سے لیسکو اہلکار پر حملہ کر دیا۔تشدد کے باعث اسسٹنٹ لائن مین زبیر شدید زخمی ہو گیا اور اس کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ڈی او نعمان صدیق کی مدعیت میں باغبانپورہ تھانے میں ملزمان کے خلاف سرکاری فرائض میں مداخلت اور تشدد کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر رمضان بٹ نے ایس ای ایسٹرن سرکل عمر بلال اور ایکسیئن عابد حسین کے ہمراہ متاثرہ سرکل کا دورہ کیا اور زخمی اہلکار کی عیادت کی۔اس موقع پر انجینئر رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرنے والے ملازمین لیسکو کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ادارہ ان کی حفاظت اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔