لاہور (کرائم رپورٹر) چوکی بیگم کوٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جنرل ہسپتال سٹاپ سے لاپتہ ہونے والے 6 سالہ بچے علی حسن کو تلاش کرکے بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق کم عمر علی حسن غلطی سے میٹرو اسٹیشن سے سوار ہو کر بیگم کوٹ پہنچ گیا تھا۔ کم سنی کے باعث وہ اپنے گھر کا مکمل پتہ بھی بتانے سے قاصر تھا۔ چوکی بیگم کوٹ پولیس کو بچہ لاوارث حالت میں ملا جسے فوری طور پر چوکی منتقل کر لیا گیا۔پولیس ٹیم نے بچے کی شناخت اور اس کے ورثاء تک رسائی کے لیے اقدامات کیے اور مسلسل کوششوں کے بعد والدین سے رابطہ قائم کرکے علی حسن کو ان کے حوالے کر دیا۔اپنے لختِ جگر کے بحفاظت ملنے پر والدین نے چوکی بیگم کوٹ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے کہا کہ پولیس کے بروقت ریسپانس اور پیشہ ورانہ کاوشوں کے باعث کم عمر بچے کو بحفاظت اس کے خاندان سے ملایا گیا۔ انہوں نے انچارج چوکی بیگم کوٹ رضوان اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ضرورت کے وقت ان کی مدد کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔