لاہور میں ڈکیتی و چوری کی وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم

 لاہور (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے نقدی، موبائل فون، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق لوہاری کے علاقے میں سرمد سے 4 لاکھ روپے اور موبائل فون، رائے ونڈ سٹی میں مختار سے 3 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون، ہیئر میں رشید سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون جبکہ نواب ٹائون میں ظہیر سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا۔اسی طرح شادمان کے علاقے میں اسد سے 2 لاکھ روپے، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔دوسری جانب جوہر ٹائون اور شالیمار کے علاقوں سے گاڑیاں چوری ہو گئیں، جبکہ شیراکوٹ، بادامی باغ اور انارکلی سے موٹرسائیکلیں چوری ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔پولیس نے متاثرہ شہریوں کی درخواستوں پر مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔