چرس اور آئس برآمد، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی گئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) راوی روڈ اور شاد باغ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 1320 گرام چرس اور 1060 گرام آئس برآمد ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ شاد باغ پولیس نے دو جبکہ راوی روڈ پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں راوی روڈ کا راشد جبکہ شاد باغ کے عرفان اور حمزہ ریاض شامل ہیں۔ راشد کے قبضے سے چرس جبکہ عرفان اور حمزہ ریاض سے آئس برآمد کی گئی۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے اور پیدل چل پھر کر منشیات فروشی کا دھندا کر رہے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او راوی روڈ، ایس ایچ او شاد باغ اور پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہر کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور کو منشیات سے پاک شہر بنانے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔