1300 روپے کا جھگڑا، دکاندار، گاہک قتل

فائرنگ سے سراج مارا گیا تو رشتہ دار زین شاہ کو اغوا کرکے لے گئے، تشدد کرکے قتل کردیا
راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں محض 1300 روپے کے تنازع پر ہونے والے خونی تصادم میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ پولیس نے دونوں فریقین سے تعلق رکھنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ پیر مہر علی شاہ ٹاوٓن میں پیش آیا جہاں زین شاہ نے سراج کی دکان سے سودا سلف خریدا۔ بقایا 1300 روپے کی ادائیگی کے مطالبے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دکاندار سراج جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے سراج کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سراج کے قتل کے بعد اس کے بعض رشتہ داروں نے مبینہ طور پر زین شاہ کو اغوا کر لیا اور نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔پولیس نے زین شاہ کے قتل میں ملوث سراج فریق کے 6 افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے میں ملوث دیگر مفرور ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔