وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم جیسے بڑے توانائی منصوبوں کی تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے یہ بات بجلی کے نرخوں میں کمی اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم نے توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لیے اہم اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہت جلد فری مارکیٹ قائم کی جائے گی جس کے تحت بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور صارفین کو بہتر قیمت پر بجلی فراہم کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کی جلد تکمیل سے نہ صرف توانائی کی کمی کو پورا کیا جا سکے گا بلکہ یہ منصوبے ملک کی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جا سکے گا۔