اقوام متحدہ کا غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ کی غیر جانب دار تحقیقات کا مطالبہ

اقوام متحدہ کا غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ کی غیر جانب دار تحقیقات کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے غزہ میں امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی شہریوں کی شہادت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیر جانب دار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے دوران امداد حاصل کرنے کے لیے جمع ہونے والے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی افواج نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 3 فلسطینی شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ واقعات اتوار کی صبح سے شروع ہوئے تھے اور پیر کے روز بھی جاری رہے۔انتونیو گوتیرس نے ان واقعات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران شہریوں پر فائرنگ ناقابل قبول ہے اور اس کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے واقعات کی مکمل، آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق زخمی ہونے والے بیشتر افراد کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ادھر دنیا بھر کی امدادی تنظیموں نے بھی اسرائیلی کارروائی کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امداد حاصل کرنے والے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے عوام کا انسانی تنظیموں پر اعتماد ختم ہو جائے گا، اور امدادی کارروائیاں مزید مشکل ہو جائیں گی۔تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس طرز عمل کو روکا نہ گیا تو خطے میں بددلی، بھوک اور بے یقینی میں اضافہ ہو گا، جو انسانی بحران کو مزید سنگین بنا دے گا۔اقوام متحدہ کی اپیل ہے کہ فریقین بین الاقوامی انسانی قوانین کا احترام کریں اور شہریوں، خاص طور پر امداد کے منتظر افراد، کو کسی بھی قسم کے تشدد سے محفوظ رکھا جائے۔