اقوام متحدہ کے کیمروں نے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ ریکارڈ کرلی

اقوام متحدہ کے کیمروں نے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ ریکارڈ کرلی

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے کیمروں نے غزہ میں امداد کے لیے جمع نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے مناظر دنیا کے سامنے لا دیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے مزید 111 فلسطینی شہید اور 820 زخمی ہوگئے، جبکہ فاقہ کشی اور غذائی قلت سے مزید 7 فلسطینی شہید ہوئے۔ غذائی قلت کے باعث اب تک 89 بچوں سمیت 154 فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

امریکی شہریوں کا نیویارک ٹائمز کے خلاف احتجاج
امریکی شہریوں نے غزہ میں اسرائیلی مظالم چھپانے پر نیویارک ٹائمز کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور عمارت پر سرخ رنگ پھینک دیا۔ انہوں نے شیشوں پر نعرے لکھے: "غزہ کے لوگ مر رہے ہیں اور نیویارک ٹائمز جھوٹ بول رہا ہے"۔

فرانس کا غزہ کیلئے 40 ٹن امداد کا اعلان
فرانس نے غزہ کے لیے 40 ٹن انسانی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کے مطابق اردن کے راستے 10، 10 ٹن امداد پر مشتمل چار پروازیں غزہ روانہ کی جائیں گی، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ امداد موجودہ خوفناک صورتحال کے مقابلے میں ناکافی ہے۔