اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے، نواز شریف

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے، نواز شریف

لندن: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، اور موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں سے ملک کی سیاست اور معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ "پنجاب میں مریم نواز کی حکومت عوام دوست اقدامات کر رہی ہے جو قابل تحسین ہیں۔ میری دعا ہے کہ پاکستان ترقی کی اسی راہ پر گامزن رہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ "2017 میں پاکستان ترقی کی درست سمت میں جا رہا تھا لیکن بعد میں سازشوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔"نواز شریف نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان جیسے ممالک کے جائز مسائل کو سپورٹ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ "عالمی سطح پر جتنے بھی بیانات دیے گئے اور جو قراردادیں منظور کی گئیں، وہ سب امن کے لیے نہایت ضروری تھیں۔ اقوام متحدہ کو احساس ہونا چاہیے کہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کروانا بھی اس کی ذمہ داری ہے۔"

انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ "اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنے الفاظ پر عملدرآمد کرائے اور ایک فعال و مؤثر کردار ادا کرے، تاکہ دنیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔"نواز شریف کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے اور عالمی سطح پر کشمیر و فلسطین جیسے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔