اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی قوانین کے مطابق مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے منصفانہ حل کو ناگزیر قرار دے دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں تنازعات کی روک تھام اور ان کے حل سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے حل طلب ہیں اور عالمی برادری ان تنازعات کے پائیدار حل میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور عالمی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے یاد دلایا کہ گزشتہ روز بھی انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر میں جاری تنازعات کو پُرامن طریقے سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ دیرینہ تنازعات کو انصاف اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جائے۔