امریکا میں جلاوطن ایک تبتی شہری نے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر خود کو آگ لگا کر جان دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری تبت کا جھنڈا ساتھ لایا، اسے ایک کھمبے پر لہرایا اور پھر خود کو آگ لگا لی۔ واقعے کے تقریباً ایک منٹ بعد فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا، آگ بجھائی، تاہم اس وقت تک وہ زمین پر گر چکا تھا۔تبتی میڈیا آؤٹ لیٹ وائس آف تبت کے مطابق متوفی کی شناخت تبتی کارکن لوبگا رنگزن کے نام سے ہوئی ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر چین سے تبت کی آزادی اور قومی اتحاد کی اپیل کے بعد یہ قدم اٹھایا۔تبت کی جلاوطن پارلیمنٹ کے رکن گونپو دھونڈوپ نے ایک آن لائن بیان میں کہا کہ لوبگا رنگزن نے تبت پر چین کے کنٹرول اور تبتی عوام پر مبینہ جبر کے خلاف احتجاج کے طور پر خودسوزی کی اور اسے ایک بڑی قربانی قرار دیا۔