دمشق: اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک فوجی ہیڈکوارٹر کے داخلی دروازے کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہو گئے۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق حملے میں فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، تاہم نزدیکی سڑک سے گزرنے والے شہری بھی زد میں آ گئے۔اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سیاسی قیادت کی ہدایت پر کی گئی، اور فوج دمشق و اس کے اطراف کے علاقوں میں مختلف خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی فوج جنوبی شام کے دروز اکثریتی علاقوں میں جاری بدامنی اور کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔حالیہ دنوں میں شام کے جنوبی دروز اکثریتی علاقے "سویدا" میں بدامنی کی لہر دیکھی گئی ہے، جہاں مقامی فسادات اور اسرائیلی فضائی حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خطے میں اسرائیل کی یہ تازہ کارروائی اس کشیدگی کا تسلسل سمجھی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل شامی سرزمین پر ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں اور اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بنانے کے لیے متعدد بار کارروائیاں کر چکا ہے، جن میں اکثر فوجی تنصیبات اور ہوائی اڈے ہدف بنتے رہے ہیں۔ تاہم حالیہ حملے میں عام شہریوں کا زخمی ہونا تشویش کا باعث بنا ہے۔