ایل پی جی کی من مانی قیمتوں نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں گیس سرکاری نرخوں کے بجائے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری نرخ نامے کو نظر انداز کرتے ہوئے ایل پی جی 440 سے 480 روپے فی کلوگرام تک فروخت کی جا رہی ہے، حالانکہ سرکاری نرخ 241 روپے 43 پیسے فی کلوگرام مقرر ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے، جبکہ بالخصوص متوسط اور سفید پوش طبقہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ دکاندار من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، لیکن ان کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کیا جائے، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ نئے مالی سال کے آغاز پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 67 روپے 33 پیسے فی کلوگرام کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلوگرام مقرر کی گئی۔اوگرا کے مطابق 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی قیمت بھی 794 روپے 5 پیسے کم کر کے 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی تھی، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ سرکاری نرخ نافذ نہیں کیے جا رہے۔