شہداء کے لواحقین کو گھروں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی:بلال صدیق

 شہدائے پولیس کے خاندانوں کی ویلفیئر محکمہ پولیس کا اولین ایجنڈا ہے
لاہور(کرائم رپورٹر)شہداء کے لواحقین کو گھروں کی فراہمی، بچوں کو معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کے خاندانوں کی ویلفیئر محکمہ پولیس کا اولین ایجنڈا ہے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس فورس اپنے ان ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور محکمہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کے پسماندگان کے ساتھ کھڑا رہے گاترجمان لاہور پولیس نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے پولیس کے عظیم شہداء  کے اہل خانہ کیلئے تاریخی ویلفیئراقدامات کیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ شہداء  پیکیج کے تحت سال 2023ء  سے لے کر اب تک 14 خاندانوں کو 18 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے مکانات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ مالی مراعات کی مد میں شہداء  کے 14 خاندانوں کو 7 کروڑ 20 لاکھ روپے نقد ادا کیے گئے ہیں تاکہ وہ باوقار انداز میں زندگی بسر کر سکیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ تعلیم اور سماجی ضروریات کے شعبے میں بھی لاہور پولیس نے ریکارڈ اقدامات کیے ہیں۔ پولیس ملازمین کے بچوں کے لیے اسکالرشپ کی مد میں 187 خاندانوں میں 4 کروڑ 95 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ اسی طرح بیٹیوں کی شادیوں کے اخراجات میں معاونت کیلئے جہیز فنڈ کے تحت شہداء  کے 31 خاندانوں کو 1 کروڑ 14 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔اسی طرح 17 خاندانوں کوگزارہ الاؤنس کی مد میں 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگی کی گئی ہے، جبکہ گروپ انشورنس کے تحت شہداء کے 15 خاندانوں کو 29 لاکھ 41 ہزار روپے سے زائد رقم دی گئی ہے تا کہ وہ باوقار اندازمیں زندگی بسر کر سکیں۔