غیر قانونی عمل کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی:سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویڑنز کی کارکردگی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں امن و امان، کرائم کنٹرول، مجموعی کارکردگی اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور نے شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موثر حکمت عملی کے تحت منشیات کی سپلائی چین اور اس سے منسلک نیٹ ورکس کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری اور مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروانے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ٹریس کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے پر بھی زور دیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے پتنگ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس غیر قانونی عمل کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔اجلاس میں ہاؤسنگ سوسائٹیز میں سکیورٹی بیرئیرز کی تنصیب اور ان کی فعالیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی، جبکہ کرائم ہاٹ سپاٹس میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کے تعاون سے سکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کا حکم دیا گیا۔بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ پولیس کلچر میں بہتری لائی جائے اور سائلین کے ساتھ شائستہ اور مہذب رویہ اپنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو سکے۔